ملک میں عام انتخابات سے قبل گہما گہما جاری ہے اور مرکز کی سیاسی جماعتیں الیکٹیبلز سمیت اہم سیاسی شخصیات کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے بلوچستان سے الیکٹیبلز کی ایک بڑی تعداد کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے جس کے بعد اب پیپلزپارٹی کی کوشش ہے جو الیکٹیبلز رہ گئے ہیں ان کو اپنے ساتھ ملا لیا جائے۔
مزید پڑھیں
پاکستان پیپلزپارٹی یوم تاسیس کے موقع پر کل بلوچستان میں شو کرنے جا رہی ہے، سابق صدر مملکت آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جلسے کے بعد کچھ روز تک بلوچستان میں قیام کریں گے اور اس دوران امکان ہے کہ اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں۔
سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ میں نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور جلد اس کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ کہ مصروفیات کے باعث کل یوم تاسیس کے پروگرام میں شرکت نہیں کر سکوں گا۔
اس کے علاوہ بلوچستان عوامی پارٹی کی سابق رکن صوبائی اسمبلی ثمینہ خان نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ثمینہ خان نے کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور سے ملاقات کی ہے۔ وہ کل یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں اپنی شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گی۔
ملاقات کے موقع پر ظہور بلیدی، عبید اللہ گورگیج، نوابزادہ نعمت زہری، عارف جان محمد حسنی، آغا شکیل درانی اور دیگر بھی موجود تھے۔