چین کو اشیاء اور خدمات کی پاکستانی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ

ہفتہ 2 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران پاکستان کی چین کو اشیاء اور خدمات کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، جولائی سے اکتوبر کے دوران چین کو کل برآمدات 95 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد رہی ہیں، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ریکارڈ کردہ 67 کروڑ 8 لاکھ امریکی ڈالر کے مقابلے میں خاطر خواہ نمو کو ظاہر کرتی ہے۔

سال بہ سال کی بنیاد پر اعداد و شمار کا تجزیہ بتاتا ہے کہ چین کو پاکستانی برآمدات میں 79 اعشاریہ 7 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اسٹیٹ بینک کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم اکتوبر 2022 میں 17 اعشاریہ 7 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر اکتوبر 2023 میں 31 اعشاریہ 8 کروڑ ڈالر ہو گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر اکتوبر 2023 میں ستمبر 2023 کے مقابلے میں چین کو برآمدات میں 12 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دیگر ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 مہینوں میں ایک اعشاریہ ایک فیصد کے معمولی اضافے کو نمایاں کرتے ہیں، جو  9اعشاریہ 6 ارب سے زائد امریکی ڈالر سے بڑھ کر  9اعشاریہ 7 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے برعکس، اسی مدت کے دوران چین سے پاکستان میں درآمدات میں 10 اعشاریہ 7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ گزشتہ سال جولائی تا اکتوبر 2022-23 کے لگ بھگ 414 کروڑ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مجموعی طور پر 373 اعشاریہ 7 کروڑ امریکی ڈالر رہی۔

سال بہ سال اعدادوشمار کے جائزے سے پتا چلتا ہے کہ چین سے درآمدات کے حجم میں 9 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو اکتوبر 2022 میں 90 اعشاریہ 6 کروڑ امریکی ڈالر سے بڑھ کر اکتوبر 2023 میں 99 اعشاریہ 3 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp