فائر وارننگ کے بعد پی آئی اے کے طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

ہفتہ 2 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی سے مدینہ کے لیے اڑان بھرنے والا پی آئی اے کا ایک طیارہ انجن میں آگ لگنے کے باوجود حادثے سے بچ گیا، کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے بحفاظت اتار لیا۔

ذرائع کے مطابق بوئنگ 777  طیارے نے کراچی سے مدینہ کے لئے اڑان بھری تھی، اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے انجن سے چنگاری نکلنا شروع شروع ہوگئی، جس سے کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ سنائی دی۔

کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائر بوتل کے ذریعے طیارے کے انجن میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، جس کے بعد طیارے کا ایک انجن بند کرنا پڑا، اور کپتان نے  ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایمرجینسی لینڈنگ کی اجازت ملتے ہی کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا، جس میں 276 مسافر سوار تھے، طیارے کی کامیاب لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن اٹھارٹی کی ٹیم فوراً ٹارمک پر پہنچ گئی۔

ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق جہاز کے ایک انجن میں فائر وارننگ آئی تھی، جس کے بعد طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا ہے کپتان اور فرسٹ آفیسر کے خون اور یورین  کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، پی آئی اے کے انجینئر انجن کا معائنہ کر رہے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز کےانجن میں آگ لگنے کے شواہد نہیں ملے، پروسیجر کے تحت ایک انجن پر جہاز کو اتارا گیا ہے، مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے، مسافروں کو شام 5 بجے متبادل پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا تاہم 15 مسافروں نے جانے سے انکار کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp