ہمارا بیانیہ ملکی ترقی کا ایجنڈا، 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، احسن اقبال

ہفتہ 2 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور آج پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس نواز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں سرگودھا ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے احسن اقبال اور راناثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کی اور تفصیلات بتائیں۔

احسن اقبال نے کہاکہ ن لیگ انتخابات کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کر چکی ہے، ہمارا بیانیہ ملکی ترقی کا ایجنڈا ہو گا، 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں، اختیارات بلدیاتی اداروں کے ذریعے نچلی سطح تک لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے 10 سال پنجاب میں حکومت کی، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم باقی ملک کے شہروں کو لاہور جیسا بنا سکتے ہیں، کیا پیپلزپارٹی یہ کہہ سکتی ہے کہ کراچی شہر کی طرز پورے ملک کو بنائے گی۔

احسن اقبال نے کہاکہ ہم بہترین امیدواروں کو عام انتخابات کے لیے میدان میں اتاریں گے، مسلم لیگ ن کے پاس معیشت کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت اور ٹیم موجود ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ترقی کے سفر کو 2017 سے دوبارہ شروع کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 16 ماہ کی حکومت میں میری وزارت کا مہنگائی سے کوئی تعلق نہیں تھا، دانیال عزیز نجانے کیوں بلاول بھٹو کی زبان بول رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی ن لیگ پر تنقید کر کے پنجاب میں ہمارا مقابلہ کرنا چاہتی ہے، رانا ثنااللہ

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی والے ہمارے خلاف بات کر کے پنجاب میں ہمارا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ لیکن ہم اوئے توئے اور گالیوں کے کلچر کو فروغ نہیں دینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ہم توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جمہوری رویوں کو مدنظر رکھے گی۔

راناثنااللہ نے کہاکہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ 18ویں ترمیم سے کوئی بات رول بیک نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جس حلقے میں مسلم لیگ ن کا نظریاتی کارکن الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں ہو گا وہاں الیکٹیبل کا آپشن زیر غور نہیں آئے گا۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں تھا، تب ہم ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے، ہر الیکشن سے پہلے منشور کمیٹی بنائی جاتی ہے، ایک 2 روز میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp