ن لیگ نے پورا پاکستان صرف لاہور کو سمجھا ہوا ہے، شرجیل میمن

اتوار 3 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیپلیز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ن لیگ نے پورا پاکستان صرف لاہور کو سمجھا ہوا ہے۔ کل ن لیگ کے ممبران کو یاد آیا کہ ہم نے لاہور بنایا ہے۔ ن لیگ صرف لاہور کی مثال دیتی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے پورے پاکستان کے لیے کام کیا ہے۔ نواز شریف کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ آپ وزیراعظم بنے، بتائیں آپ نے پاکستان کے لیے کیا کیا؟ ۔ پیپلزپارٹی کو غلط طریقے سے دھاندلی کرکے اقتدار میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہماری لڑائی انتشار کی سیاست اور دہشت گردی کے ساتھ ہے۔ کراچی میں ملک کی بہترین طبی سہولتیں میسر ہیں۔ ن لیگ کے دوست بتا دیں انہوں نے کوئی ایک اسپتال بنایا ہو۔ صحت زیادہ ضروری ہے، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کا کام بعد میں بھی ہوسکتا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بجلی سے چلنے والی بسوں کے لیے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔ ملک نعروں اور شوبازوں سے نہیں چلتا، عملی کام کرنا ہوں گے۔ ہمیں کسی کے سامنے چھپنے کی ضرورت نہیں، ہم کارکردگی کی بنیاد پر آگے آتے ہیں۔ پیپلز پارٹی 8 فروری کو تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی کہا ہے کہ ہمارا جھگڑا کسی سے نہیں، ہم پورے پاکستان کی جماعت ہیں۔ ہمارا جھگڑا صرف مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔ آپ نے سارا پاکستان صرف لاہور کو سمجھا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آپ نے لاہور کے سوا پنجاب میں کیا کیا ہے اس کا جواب دیں۔ آصف علی زرداری نے سی پیک کا منصوبہ دیا۔ ہم سندھ کی بات نہیں کرتے بلکہ پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ کراچی سب کا ہے اس لیے شہری روزگار کے لیے یہاں آتے ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی صاحب نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اتنا بڑا جلسہ بلاول بھٹو کا ہوا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو اپنے دورے جاری رکھیں گے۔ ملک کے کونے کونے میں پیپلز پارٹی لوہا منوائے گی۔ عوام کی مدد سے پاکستان پیپلزپارٹی سب سے بڑی پارٹی بن کر تاریخی فتح حاصل کرے گی۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ن لیگ سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، ہماری لڑائی لسانیت کی سیاست اور غربت کے خلاف ہے۔ میزائل ٹیکنالوجی شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو دی۔ پیپلز پارٹی نے عالیشان پراجیکٹ شروع کیے۔ پیپلز پارٹی حکومت نے جب تھر سے کوئلہ نکالا تو ن لیگ والے وہ کریڈٹ بھی لینا چاہتے تھے۔ تھر پارکر کے انفراسٹرکچر پر اربوں روپے خرچ کیے گئے، بجلی صرف سندھ کے لیے نہیں تھی وہ نیشنل گرڈ جاتی ہے پھر ہمیں ملتی ہے۔ ہمارے پاس کوئلے کے اتنے ذخائر ہیں کہ کوئلہ 200 سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp