فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات نہ کرانے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیدیا

اتوار 3 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات نہ کرانے پر عافیہ موومنٹ پاکستان نے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان عافیہ موومنٹ پاکستان محمد ایوب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیل کے سیل کی چابی گم ہونے کا بہانہ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل نے بھی جیل حکام کے اس جواز کو شرمناک قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جب ڈاکٹر فوزیہ اپنے وکیل کے ہمراہ جیل کے باہر پہنچیں تو حکام نے یہ کہہ کر ملاقات کرانے سے انکار کر دیا کہ ڈاکٹر عافیہ جس سیل میں قید ہیں اس کی چابی کہیں گم ہو گئی ہے۔

عافیہ موومنٹ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فوزیہ آج پھر پاکستانی وقت کے مطابق رات 8:15 پر ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے لیے امریکا کی ایف ایم سی کارسویل جیل پہنچیں گی۔

ترجمان عافیہ موومنٹ کے مطابق سینیٹر طلحہ محمود نے بھی طے شدہ ملاقات نہ کرانے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی دیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میں 13 ہزار 600 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کر کے اپنی بہن سے ملنے امریکا آئی ہوں اور جیل حکام نے چابی نہ ملنے کا بہانہ بنا کر ملاقات سے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کی طاقتور ترین قوم کے حکام سے چاپی کھونے اور اسپیئر چابی نہ ہونے سے دنیا کو کیا مشکلات پیش آ سکتی ہیں، افسوس آج ایسا ہی ہوا ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاکہ عافیہ بے قصور ہے، اس کا کیس اور سزا سب بالکل لغو ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر وزارت خارجہ نے ڈاکٹر فوزیہ کے دورہ امریکا کے لیے سہولیات فراہم کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp