رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کی ریلیز کے بعد سے ہی ناظرین کی اکثریت کی جانب سے ڈائریکٹر سندیپ وانگا ریڈی کو تشدد، غیر مستحکم مرکزی کردار، زہریلی مردانگی اور بیباک مناظر دکھائے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سونے پہ سہاگا یہ کہ اب سوشل میڈیا پر اداکار عامر خان کی پرانی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ فلموں میں جنسی مناظر اور تشدد کے خلاف بات کرتے نظر آتے ہیں۔
وائرل ویڈیو کلپ میں عامر خان کا کہنا تھا کہ کچھ جذبات ایسے ہیں جنہیں مشتعل کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔ ان میں پہلا سیکس اور دوسرا تشدد ہے۔ یہ جذبات انسان کو باآسانی اشتعال دلا سکتے ہیں۔ وہ ہدایت کار جو تخلیقی کہانیوں کو مہارت سے پردہ اسکرین پر پیش نہیں کرسکتے تو وہ اپنی فلموں کو کامیاب بنانے کے لیے تشدد اور جنسی مناظر دکھانے پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سوچتے ہیں اگر ہم فلموں میں جنسی مناظر اور تشدد کو بہت زیادہ شامل کریں گے تو کامیابی حاصل ہو گی۔ تاہم میرے لیے یہ غلط سوچ ہے، یہ کوئی کامیابی نہیں بلکہ معاشرے کو پراگندہ کرنا ہے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم اخلاقی طور پر ذمہ دار ہیں، ہم میں سے وہ لوگ جو سنیما کے لیے کام کر رہے ہیں وہ یقینی طور پر، اگر بڑی حد تک نہیں بھی تو ایک حد تک ضرور ذمہ دار ہیں۔ جو کچھ دکھایا جاتا ہے نوجوانوں پر اس کا اثر پڑتا ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ فلموں میں تشدد نہیں ہونا چاہیے لیکن یہ موضوع پر منحصر ہے کہ اسے کس طرح دکھایا جائے۔