عروسہ خان کا اینکر اقرار الحسن سے شادی کا ’اقرار‘، مگر اہل خانہ کا انکار

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اینکراقرارالحسن کی ذاتی زندگی خصوصاً  شادیوں کے حوالے سے اکثر خبروں میں رہتی ہے۔ اقرار الحسن اب تک 2 شادیاں کرچکے ہیں۔ گزشتہ ماہ سے سوشل میڈیا پر اقرارالحسن اور اینکر پرسن عروسہ خان کی تیسری شادی کی خبریں بھی زیر گردش تھیں۔

سوشل میڈیا پر عروسہ خان کی اقرارالحسن کے اہل خانہ کے ہمراہ لی گئی تصاویر پر ہنگامہ برپا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین اقرارالحسن یا عروسہ کی جانب سے اس شادی کی تصدیق یا تردید کا انتظار کر ہی رہے تھے کہ عروسہ خان نے اچانک اقرارالحسن کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کرکے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا ہے۔

عروسہ خان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنے فالوورز کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا، فینز کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اقرار الحسن کے ساتھ شادی کا راز فاش کردیا۔

اس سیشن کے دوران عروسہ خان سے ان کے ایک پرستار نے شادی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے ’ہاں‘ میں جواب دے اس بات کی تصدیق کردی۔

 

ایک صارف نے ان سے اقرارالحسن یا پہلاج میں سے ایک کا انتخاب کرنے کو کہا، جس پر عروسہ خان کا جواب تھا ’دونوں‘۔

صارفین نے سیشن کے دوران اقرار الحسن اور پہلاج  کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں شادی پر مبارکباد بھی دی۔

علاوہ ازیں، عروسہ ان دنوں قرۃ العین کے برینڈ کی تشہیر میں بھی مصروف ہیں اور اس حوالے سے انسٹا گرام پر قرۃ العین کے ساتھ اپنی تصاویر بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔

اقرارالحسن کے فیملی ذرائع نے اینکر کی تیسری شادی کی تردید کردی

دوسری جانب اقرارالحسن کے فیملی ذرائع نے نام نا ظاہر کرنے کی شرط پر اینکر کی تیسری شادی کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کی ہے اور بتایا ہے کہ اقرار الحسن کی تیسری شادی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اقرارالحسن کی پہلی شادی 2006ء میں نیوز کاسٹر قرۃ العین سے ہوئی تھی، جس سے ان کا ایک بیٹا پہلاج اقرار بھی ہے۔ 5 سال بعد اقرار کی اینکر پرسن فرح یوسف کے ساتھ دوسری شادی کے چرچے ہوئے تاہم اقرار نے اس شادی کو 5 سال تک میڈیا سے چھپائے رکھا۔ بعد ازاں انہوں نے وضاحت دی تھی کہ ان کی دوسری شادی کے بارے میں قریبی عزیزواقارب کو معلوم تھا، انہوں نے چھپ کر دوسری شادی نہیں کی تھی بلکہ اپنی پہلی بیوی سے اس کی اجازت لی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp