سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف فرد جرم 12 دسمبر کو عائد ہوگی

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس میں فرد جرم 12 دسمبر کو عائد کی جائے گی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے ملزمان کو کیس کی نقول فراہم کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، جہاں پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے نقول فراہم نہ کرنےجبکہ  ایف آئی اے اسپیشل پروسیکیوٹرز نے کیس کی نقول آج فراہم کرنے کی درخواست کی۔

کیس کی ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء کی عدالتی سماعت پر اعتراض کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالتی سماعت کے لیے جاری نوٹیفیکیشن میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، جب تک نیا نوٹیفیکیشن نہیں ہوتا کاروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔

پی ٹی آئی کے وکلاء کو مخاطب کرتے ہوئے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژنل بینچ جج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن درست قرار دے چکا ہے، آپ کے دلائل ہم اپنے آرڈر میں لکھ دیتے ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان میں نقول تقسیم کر دیں، جیل میں قائم کمرہ عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلاء ہال میں بیٹھ کر مختلف امور پر مشاورت کرتے رہے۔

اس سے قبل عمران خان کے وکیل کے تاخیر سے آنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار بھی کیا، جج کا کہنا تھا کہ وہ ڈیڑھ گھنٹے سے منتظر ہیں مگر وکیل نہیں پہنچے۔ وکیل عثمان گل نے بتایا کہ فوگ کی وجہ سے عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp