قرآن پر قسم اٹھانے کے لیے تیار ہوں، بشری بی بی کو نکاح والے دن دیکھا: عمران خان

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لندن پلان نواز شریف کو لانے اور انہیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے تھا، آئندہ انتخابات پی ٹی آئی ہی جیتے گی، خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔

اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا، انہیں غیر آئینی طور پر گرفتار کیا گیا، 48 گھنٹوں میں 10 ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو یاسمین راشد واضح طور پر کہہ رہی تھیں کہ لوگ اندر نہ جائیں، سی سی ٹی وی دیکھ لیں کہ لوگوں کو کون اندر لے کر گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کسی سے بھی ملاقات یا مذاکرات کی تردید کر تے ہوئے کہا کہ انہیں طویل عرصہ قید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ جان دینے کو بھی تیار ہیں۔

بشریٰ بی بی کے سابق خاوند کے ذریعے مبینہ الزامات کی بھی تردید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کیخلاف جھوٹا الزام لگانے والے انتہائی اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم اٹھانے کے لیے تیار ہیں کہ انہوں نے بشری بی بی کو نکاح والے دن دیکھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لندن پلان نواز شریف کو لانے اور انہیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے تھا، قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔

’میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی, مجیب الرحمٰن کیخلاف انہوں نے کیا کیا پر اس نے 162 سیٹیں جیتیں، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔‘

بیرسٹر گوہر خان کو چیئرمین تحریک انصاف بنائے جانے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ انہیں کسی عہدے کی ضرورت نہیں خان کے ساتھ کل بھی تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ ’مہاتما گاندھی کو آپ نے دیکھا تھا کہ انہیں کسی عہدے کی ضرورت نہیں تھی، اس وقت میں بھی اس اسٹیج پر پہنچ چکا ہوں، مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔‘

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خان اور پی ٹی آئی کے لوگوں کے دلوں میں بس چکے ہیں، لوگ کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتا کہ انہوں نے کیا کیا ہے، 6 اعشاریہ 17 فیصد گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں۔ ’کپتان کی موجودگی میں بتانا چاہتا ہوں کہ جو خان سے اور قانون کی حکمرانی سے محبت کرتے ہیں نظریاتی ہیں وہ باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp