عمران خان کے جیل سے بیان پر مریم نواز کا ردعمل آ گیا

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے کہتا تھا 9 مئی کے حملے میں نے نہیں میرے کارکنان نے کیے، آج کہہ رہا ہے یہ سانحہ نواز شریف نے کرایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کیا تحریک انصاف کے لیڈران اور کارکنان نوازشریف سے ہدایات لے رہے تھے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ 9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں 9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا، عمران خان کی اڈیالہ جیل میں گفتگو

عمران خان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو یاسمین راشد واضح طور پر کہہ رہی تھیں کہ لوگ اندر نہ جائیں، سی سی ٹی وی دیکھ لیں کہ لوگوں کو کون اندر لے کر گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کسی سے بھی ملاقات یا مذاکرات کی تردید کر تے ہوئے کہا کہ انہیں طویل عرصہ قید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ جان دینے کو بھی تیار ہیں۔

بشریٰ بی بی کے سابق خاوند کے ذریعے مبینہ الزامات کی بھی تردید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کیخلاف جھوٹا الزام لگانے والے انتہائی اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم اٹھانے کے لیے تیار ہیں کہ انہوں نے بشری بی بی کو نکاح والے دن دیکھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لندن پلان نواز شریف کو لانے اور انہیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے تھا، قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp