رومانوی اداکاری میں اپنی مثال آپ ششی کپور جنہوں نے 3 دہائیوں تک فلموں پر راج کیا

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے معروف اداکار ششی کپور رومانوی اداکاری میں اپنی مثال آپ رہے اور انہوں نے تقریباً 3 دہائیوں تک فلموں میں اپنا جادو جگایا۔

ششی کپور 18 مارچ 1938 کو پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔ ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے ان کے والد اور مقبول اداکار پرتھوی راج کپور، بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے اور کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔

کیرئیر کی شروعات ایک چائلڈ اداکار کے طور پر

انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات بچپن میں ہی کرلی تھی۔ سنہ 1940 کی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ ان میں سنہ 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور سنہ 1951 میں آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے اپنے بھائی راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔

سال 1950 کی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیئٹر سے وابستہ ہوگئے۔ اسی دوران وہ ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے برطانوی ڈرامہ گروپ شیکسپیئر سے وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کیڈل سے ہوئی۔ وہ ان سے محبت کربیٹھے اور ان سے شادی کرلی۔

ششی اپنی برطانوی اہلیہ جینیفر کینڈل کے ہمراہ

بطور اداکار پہلی فلم، لیکن فلاپ

ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات سنہ 1961 میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔ اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔

اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ، ہولی ڈے ان بامبے اور بے نظیر جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سب ھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔ سنہ 1965 میں ششی کپور کے کیریئر نے اس وقت ایک اہم موڑ لیا جب ان کی فلم جب جب پھول کھلےریلیز ہوئی۔ بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کیریئر کو ایک نئی سمت عطا کی۔

فلم ’وقت‘ نے ان کا وقت بدل دیا

سنہ 1965 میں ہی ششی کپور کے کیریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیتے مشہور اور بہترین اداکاری تھے۔ اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے میں وہ کامیاب رہے۔ یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہیں۔

ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور ایک عمدہ رومانوی ہیرو کی کی حیثیت سے ابھر چکے تھے اور فلم ساز اور ہدایت کاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اس صلاحیت سے فائدہ اٹھایا۔ سنہ 1965 سے 1976 کے درمیان کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیا وہ زیادہ تر ہٹ ہوئیں۔

سنہ 80 کی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور فلم جنون بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے کلیوگ، 36 چیرنگی لین، وجیتا، اتسو وغیرہ بھی بنائیں۔ حالانکہ یہ فلمیں باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں میں ششی کی اداکاری کو شائقین نے کافی پسند کیا۔

بالی ووڈ کے بادشاہ امیتابھ بچن اور ششی کپور کی لاجواب جوڑی

سنہ 1991 میں اپنے دوست اور لاجواب اداکاری کرنے والے امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے اپنی کثیرالمقاصد فلم عجوبہ بنائی اور ہدایت کاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی۔

ششی کپور کے کیریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندا کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔ یہ جوڑی سب سے پہلے فلم دیوار میں ساتھ نظر آئی۔ بعد میں اس نے ایمان دھرم، تریشول، شان، کبھی کبھی، روٹی کپڑا اور مکان، سوہاگ، سلسلہ، نمک ہلال، کالا پتھر اور اکیلا میں بھی کام کیا اور شائقین کی تفریح کی۔

ششی کے کیریئر کی اخری فلم جناح

سنہ 1990 کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کردیا۔ سال 1998 میں ریلیز ہوئی فلم جناح ان کے کیریئر کی آخری فلم ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔

ششی کپور نے تقریباً 200 فلموں میں کام کیا۔ انہیں فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا۔

آخری سفر

وہ 4 دسمبر 2017 کو ممبئی کے ایک اسپتال میں اپنی مختلف بیماریوں سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کی برطانوی اہلیہ جینیفر کینڈل جو سنہ 1958 میں پیدا ہوئی تھیں سنہ 1984 میں انتقال کرگئی تھیں۔ ششی اور ان کے دو بیٹے اور بیٹی ہے جن کے نام کرن کپور، کنال کپور اور سنجنا کپور ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp