جمعیت علما اسلام (ف) ک سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم وہی ہو گا جسے عوام چاہیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم نے مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر جدوجہد کی، چاہتے ہیں اتحاد الیکشن سے قبل اور بعد میں بھی برقرار رہے۔ ہم خیبرپختونخوا جبکہ مسلم لیگ ن پنجاب میں تعاون کرے گی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے لیے ملک میں سازگار ماحول ضروری ہے، اس وقت 2 صوبے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں۔ ایسی صورت حال میں کیا الیکشن ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم انتخابات کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن ماحول دیا جائے، لاہور میں تو سب ٹھیک ہے لیکن کبھی ہماری طرف آ کر دیکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پارٹی الیکشن سے پتا چل گیا کہ یہ کوئی پارٹی نہیں ہے، ایک غبارہ تھا جس میں ہوا بھری گئی تھی جو اب نکل چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں لوگوں کو زبردستی پی ٹی آئی میں لایا گیا تھا وہ اب واپس اپنی اپنی جگہوں پر جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی میں جانے والے یہ لوگ خود کہہ رہے تھے کہ ہم مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز لاہور میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کی تھی جس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔