انڈونیشیا کے پہاڑ ماراپی کا آتش فشاں پھٹنے سے نکلنے والے لاوے نے ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا جس کے نتیجے میں 11 کوہ پیما ہلاک اور کئی لاپتا ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے مغربی صوبے سماٹرا میں واقع 2,891 میٹر بلند آتش فشاں پھٹ پڑا جس سے لاوا 3 کلومیٹر تک پھیل گیا۔ اس منظر کو دیکھنے کے لیے 75 کوہ پیما پہاڑ پر موجود تھے۔
لاوا ٹھنڈا ہونے کے بعد امدادی کاموں کے دوران 3 کوہ پیماؤں کو بری طرح جھلسی ہوئی حالت میں بچالیا گیا جب کہ 49 کوہ پیما معمولی زخمی تھے۔
علاوہ ازیں 11 کوہ پیماؤں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے جب کہ مزید 12 کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پہاڑ ماؤنٹ ماراپی پر واقع یہ آتش فشاں وقتاً فوقتاً پھٹنے سے لاوا باہر آتا رہتا ہے۔
رواں برس بھی جنوری اور فروری کے درمیان اس آتش فشاں نے تقریباً 75 میٹر سے ہزار میٹر تک راکھ اُگلی تھی۔
اس فعال ترین آتش فشاں کے پھٹنے کا سب سے ہلاکت خیز واقعہ اپریل 1979 میں پیش آیا تھا جس میں 60 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔