سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجازالاحسن نے غیر مصدقہ خبر جاری کرنے پر مختلف چینلز کے خلاف پیمرا کی جانب سے کی جانے والی کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت سے معذرت کرلی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آج کیس کی سماعت شروع کی تو جسٹس اعجازالاحسن نے کیس سننے سے معذرت کر لی۔ جسٹس اعجازلاحسن نے ریمارکس دیے کہ اس قبل کیس سے متعلق فیصلہ دے چکے ہیں اس لیے یہ کیس کسی اور بینچ میں سماعت کے لیے مقرر ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ 2017 میں لاہور کے علاقہ ڈی ایچ میں دھماکہ ہوا تھا تاہم 21 نجی چینلز نے اس خبر کے ساتھ گلبرگ میں دھماکہ کی غیر مصدقہ خبر بھی نشر کردی تھی۔ پیمرا نے غیر مصدقہ خبر نشر کرنے کے خلاف چینلز کو شوکاز نوٹس اور 10 لاکھ جرمانے کا فیصلہ کیا تھا۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ نے پیمرا کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ پیمرا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔