گورنر ہاؤس پشاور میں دلہا دلہن کا فوٹو شوٹ، ’ اس میں بھی عمران خان کا ہاتھ ہوگا‘

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں گورنر ہاؤس پشاورمیں دلہا دلہن کے فوٹو شوٹ کروا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس وائرل ویڈیو پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن سلیم صافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ گورنر ہاؤس پشاور جہاں ان دنوں جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے سمدھی حاجی غلام علی براجمان ہیں ، میں ان دنوں فلموں اور گانوں کی شوٹنگ بھی ہوتی ہے ۔ تبدیلی آنہیں رہی ،تبدیلی آگئی ہے‘۔

اینکر ابصا کومل نے سلیم صافی کی جانب سے شادی شدہ جوڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اعتراض کرتے ہوئے لکھا کہ ’ محترم صافی صاحب ، گورنر ہاؤس انتظامیہ سے سوال بلکل بنتا ہے آپ پوچھنے میں حق بجانب ہیں، لیکن اس نو بیہاتا جوڑے کی ویڈیو آپکے معروف اکاونٹ سے شیئر کرنا مناسب نہیں لگ رہا۔ ہمیں لوگوں کی پرائیوسی کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے‘۔

فیصل عباسی نامی ایکس صارف نے وائرل ویڈیو پر اعتراض کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی نہیں بننا تھا‘۔

ایک اور ایکس صارف نے لکھا کہ ’ یہاں تو لوگ روزانہ فیصل مسجد، اسلام آباد میں فوٹو شوٹ کرتے رہتے ہیں اس پر تو کوئی نہیں بولتا‘۔

عبدالغفار نے لکھا کہ ’ اس میں بھی عمران خان کا قصور ہوگا‘

گورنر ہاؤس کے ترجمان نے ویڈیو پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ویڈیو گورنر ہاؤس کی ہے اور یہ دلہا دلہن کا فوٹو شوٹ تھا، گورنر ہاؤس میں شادی کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اجازت ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ  گورنر ہاؤس میں فلم یا ڈرامے  کی شوٹنگ نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کی اجازت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp