ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی بھی پی ٹی آئی اور سیاست سے دستبردار

جمعرات 7 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی واثق قیوم عباسی نے پی ٹی آئی اور سیاست کو خیرباد کہہ دیا، انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی نہیں چل سکتی یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی اور سیاست کو چھوڑ رہا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے کہا کہ میرے سیاسی کیریئر کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا لیکن اب ریاست اور اس کے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کا بوجھ اٹھانا ناقابل برداشت ہے۔ اس لیے سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

https://twitter.com/wasiqqabbasi/status/1732589721610805515?s=46

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ ریاستی اداروں کے خلاف تمام پرتشدد کارروائیوں اور پی ٹی آئی کی طرف سے پوری قوم کو گمراہ کرنے والے بیانیے کی نفی کرتے ہیں اور ان تمام پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی اور سیاست سے دستبرداری کا اعلان کیا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے پوسٹ کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور سابق صوبائی وزیر ملک تیمور مسعود کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آفیشل پوسٹ میں لکھا گیا کہ گزشتہ رات نامعلوم افراد نے دونوں رہنماؤں کو غائب کیا اور اب تک کسی بھی پولیس اسٹیشن یا عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

’ملک میں جاری غنڈہ راج اور لاقانونیت کو ختم کرنے کے لیے ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی سے اپیل کرتے ہیں کہ اغوا برائے بیان کے اس عمل کے خلاف بیرسٹر اعتزاز احسن کی پٹیشن کو جلد از جلد سنا جائے۔‘

https://twitter.com/UsmanGhani_K/status/1732599354966605975?s=20

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی واثق قیوم عباسی پنجاب اسمبلی کے بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے، واثق قیوم عباسی نے 2018  کے صوبائی الیکشن میں پی پی 12 راولپنڈی 7 سے سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو 11 ہزار 99 ووٹوں کے مقابلے میں 27 ہزار 315 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

خیال رہے واثق قیوم عباسی پاکستان کی تاریخ میں اب تک کے کم عمر ترین ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp