190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، نواز شریف

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کو ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ صرف زبانی کلامی تھی، بند لفافہ لہرا کر کابینہ کی منظوری لی گئی قوم کو بتائیں اس ملک میں ڈاکہ کس نے ڈالا۔

لاہور میں پارٹی کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں میں ہم پرمشکل وقت آیا ، وقت کو برا نہیں کہنا چاہیے، اتار چڑھاؤ وقت کا حصہ ہے، انسان کو مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے، کچھ تکلیفوں کا ازالہ زندگی میں ہوجاتا ہے کچھ کا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کو مصیبتوں کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر دوبارہ ڈالا جائے، جو بھی سیاست میں آئے اس نیت سے آئے کہ اس نے ملک و ملت کے لیے کچھ کرنا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ حال ہی ملک میں ایک ایسا کھلنڈرا لایا گیا جسے معیشت، سفارتی تعلقات، اچھے اخلاق اور معاشرتی اقدار کا کچھ پتا ہی نہیں تھا، صرف زبانی کلامی ریاست مدینہ کی باتیں کرتا تھا لیکن ریاست مدینہ میں کیا ہوتا تھا اس کی اُسے کچھ خبر ہی نہیں ہے۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اسکینڈل 190 ملین پاؤنڈ کا ہے، اس اسکینڈل میں کوئی شبہ ہی نہیں ہے، بند لفافہ کابینہ میں پیش کر کے رقم منتقل کرنے کی منظوری لی گئی، یہ کتنی بڑی ہیرا پھیری اور کرپشن کی گئی، کتنا بڑا ڈاکہ ڈالا گیا۔

’یہ کہتے ہیں کہ بجلی کی قیمتیں بڑھ گئی، تم 60 ارب قوم کا کھا جاؤ گے تو بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی تو کیا بڑھے گا؟ 60 ارب روپیہ تم نہ کھاتے تو ہم 300 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دیتے، الزام ہم پر لگاتے ہو کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اور سزائیں ہمیں دلواتے ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ 2016 پر ان پر ظلم کا آغاز ہوا اور آج انہیں 2023 میں انصاف مل رہا ہے، ظلم کا ازالہ ہوتے کتنے سال لگ گئے؟ آج بھی جھوٹے مقدمے بھگت رہے ہیں،ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ یہ مقدمات بوگس تھے، جنہوں نے بوگس مقدمے بنائے ان سے کوئی پوچھے گا کہ یہ مقدمات کیوں بنائے گئے۔

’سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو لیکس آئی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے تو ان کو اندر رکھنا ہے اور عمران خان کو لانا ہے، سپریم کورٹ کا چیف جسٹس یہ باتیں کررہا ہے، ثاقب نثار کے دور میں ہی 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ میں آئے تھے، قوم کو بتائیں کہ ڈاکہ ڈالا کس نے ہے اس ملک میں، چور چور کہنے والے خود سب سے بڑے چور ہیں۔‘

نواز شریف نے کہا کہ ان کا مطالبہ یہ نہیں ہے کہ وہ الیکشن جیت کر حکومت میں آئیں اور وزیراعظم اور وزیراعلی بن کر بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے رہیں، ملک کی خدمت کے ساتھ ساتھ  دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی بھی چاہتے ہیں کہ ملک کو اس نہج تک پہنچایا کس نے ہے۔

انہوں ںے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ ملک میں مہنگائی اور ڈالر کی قیمت کیوں بڑھی ہے، ہمیں ملک میں رہنے والے 25 کروڑ عوام کی بھلائی چاہیے۔ ’عوام بھوکے مریں اور یہ 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کرتے پھریں اور کوئی ان کو پوچھے بھی نہیں، ایسا نہیں ہوسکتا اور نہ ہونا چاہیے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp