پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے مابین عام انتخابات کے دوران سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق ہوگیا تاہم ان کی تعداد بعد میں طے کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر آئی پی پی کے سربراہ جہانگیرترین نے ملاقات کی۔ اس دوران ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، ایازصادق اور آئی پی پی کے رہنما عون چوہدری بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔
دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی جس کے دوران آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے پنجاب اور لاہور سمیت قومی اسمبلی کی 15 اور پنجاب اسمبلی کی 25 سے زائد سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا گیا تاہم ن لیگ نے واضح کیا کہ اس کا فیصلہ میاں محمد نواز شریف اور پارٹی کی کور کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔