پی ٹی آئی کارکنان نے میرے ’اغوا‘ کی کوشش ناکام بنادی، شیر افضل مروت

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئرنائب صدر اور پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل شیر افضل خان مروت کا کہنا ہے کہ انہیں دیر پولیس کے 300 اہلکاروں نے ’اغوا‘ کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں شیر افضل مروت نے کہا کہ جب وہ باجوڑ میں ہفتے ہونے والے کنونشن کے لیے چکدرا کے قریب گلاب آباد میں داخل ہو رہے تھے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تاہم پی ٹی آئی کارکنوں نے سڑک بلاک کرکے انہیں اغوا ہونے سے بچالیا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ’میرے پاس ایک واضح پیغام ہے! مجھے کل کنونشن کی قیادت کرنے سے کوئی نہیں روکے گا، خوف کے پیچھے فتح ہے، ہر ایک کو بڑی تعداد میں آنا چاہیے تاکہ انہیں یہ پیغام دیا جائے کہ ہم اس خوف کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک بہتر پاکستان کی امید نہیں چھوڑیں گے اور انشاء اللہ ہم آپ سب کو ان لوگوں کا ساتھ دیں گے جنہوں نے ہمارے قائد عمران خان کو جکڑ رکھا ہے اور پورے پاکستان کو زنجیروں میں جکڑنا چاہتے ہیں‘۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ آپ کی بدحواسی ظاہر کر رہی ہے کہ عوام  کا آپ میں سرائیت کرچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ اس نئے انقلاب کو روکنے کے لیے کتنے ہی بے چین کیوں نہ ہوں آپ کو آخر کار ہمارے وطن عزیز پاکستان پر اس غیر قانونی تسلط سے دستبردار ہونا پڑے گا۔

قبل ازیں شیر افضل مروت کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ایک اور ٹوئٹ کیا گیا تھا جس کے مطابق وہ محفوظ مقام پر ہیں اور ہفتے کو باجوڑ کنونشن میں ضرور شرکت کریں گے۔

پارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر قانونی گرفتاریوں اور اغوا کے معاملے کا نوٹس لیا جائے۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا پولیس نے شیر افضل مروت کے حوالے سے خبروں کی تردید کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp