12 دسمبر 1949: طیارہ حادثے میں قاضی فائز عیسیٰ کے تایا سمیت 25 افراد جاں بحق

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

12 دسمبر 1949 کی رات 10 بجے پاک ائیر سروسز کا ایک طیارہ لاہور سے کراچی جاتے ہوئے اپنی منزل سے 65 کلومیٹر دور جنگ شاہی کے قریب گر کر تباہ ہو ا۔ غلط سمت کے تعین کی وجہ سے ہونے والے اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 26 افراد جاں بحق ہوئے جن میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے تایا قاضی موسیٰ بھی شامل تھے۔ جان بحق ہونے والی دیگر اہم شخصیات میں ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز بریگیڈیئر شیر خان، اور میجر جنرل محمد افتخار خان بھی تھے جنہیں جنرل ڈگلس گریسی کو ہٹا کر پہلا پاکستانی کمانڈر ان چیف تعینات کیا جاتا تھا۔

حادثے کے بعد چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں کہ طیارہ گرا کر میجر جنرل محمد افتخار کی جگہ کسی اور آفیسر کے لیے راستہ صاف کیا گیا ہے۔ پاکستانی کمانڈر ان چیف کی تقرری کی دوڑ میں 4 جنرلز شامل تھے۔ میجر جنرل اکبر خان، میجر جنرل افتخار خان، میجر جنرل اشفاق مجید اور میجر جنرل این اے ایم رضا۔ ان میں جنرل اکبر سینئر ترین تھے کیونکہ انہوں نے 1920 میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ تقرری کے لیے منتخب کیے گئے جنرل افتخار خان نے 1929 میں کمیشن حاصل کیا تھا جن کی حادثاتی موت کے بعد سیکریٹری دفاع اسکندر مرزا نے وزیر اعظم لیاقت علی خان کو جنرل ایوب خان کو پہلے مقامی کمانڈر ان چیف تعینات کرنے پر آمادہ کیا ۔ جنرل ایوب نے 1928 میں کمیشن حاصل کیا تھا اور وہ باقی 3 جنرلز سے جونیئر ترین تھے۔

آنے والے سالوں میں جنرل ایوب خان نے پاکستان میں مارشل لاء لگایا اور کئی سال تک غاصبانہ طریقے سے ملک کے صدر بنے رہے جس سے اس تاثر کو تقویت ملی کہ جنرل افتخار کو واقعی راستے سے ہٹایا گیا ہوگا۔ لیکن یک بعد دیگرے پاک ائیر سروسز کے طیاروں کا حادثات میں تباہ ہونے سے یہ تاثر کمزور پڑا اور لوگ اسے محض ایک حادثہ ہی سمجھنے لگے۔


آج کے روز 1986ء میں کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف ‘آپریشن کلین اپ’ شروع ہوا۔


صحت کی سہولتیں سب کے لیے یقینی بنانے کے لیے آج پوری دنیا میں ‘یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے ‘منایا جاتا ہے۔


آج کے روز سال 1948ءمیں پاکستان کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پیدا ہوئے۔


آج کے روز سال 1911ء میں کلکتہ کی جگہ دہلی ہندوستان کا دارالحکومت قرار پایا۔


1971ء میں امریکی صدر نکسن نے اندرا گاندھی سے کہا کہ وہ فوراً جنگ بندی کا اعلان کریں۔


آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp