8 فروری کو انتخابات کی جانب ایک اور قدم: ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے لیے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ،  ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چاروں صوبوں اور وفاق میں کل 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع اسلام آباد کے لیے ایک، خیبر پختونخوا کے لیے 36 ، صوبہ پنجاب کے لیے 41 ، صوبہ سندھ کے لیے 30 اور صوبہ بلوچستان کے لیے 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

District Returning Officers for General Elections-2024 by Iqbal Anjum on Scribd

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع اسلام آباد کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن،  صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے لیے ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، اٹک کے لیے راؤ عاطف رضا، مری کے لیے آغا ظہیر عباس شیرازی، گجرات کے صفدر حسین ورک، سیالکوٹ کے لیے کیپٹن ریٹائرڈ شہمیر اقبال، گوجرانوالہ کے لیے فیاض احمد موہال کو نامزد کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پشاور کے لیے ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر، نوشہرہ کے لیے خالد اقبال، کوہاٹ کے لیے ڈاکٹر عظمت اللہ، ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے منصور ارشد کو نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں لاڑکانہ سے ڈپٹی کمشنر شرجیل نور، شکار پور سے الطاف احمد چاچڑ، سکھر سے فیاض احمد مہاسیر، خیرپور سے سید احمد فواد، میرپور خاص سے ڈاکٹر رشید مسعود خان، حیدر آباد سے طارق قریشی ، کراچی ایسٹ سے الطاف احمد شیخ، کراچی ساؤتھ کیپٹن ریٹائرڈ الطاف حسین جبکہ سینٹرل کراچی سے فہد غفار سومرو کو نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح صوبہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ سے ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ سعد بن اسد، قلعہ عبداللہ سے ذاکر علی، چمن سے کیپٹن ریٹائرڈ راجہ اطہر عباس، چاغی سے طفیل احمد بلوچ، قلعہ سیف اللہ سے محمد یاسر بازئی، جعفرآباد سے کیپٹن ریٹائرڈ میر باز خان ماڑی کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی گئی تھی۔ کچھ جگہوں پر حلقہ بندیوں کو عدالتوں میں چیلنج بھی کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی جانب سے بار بار وضاحت کے باوجود انتخابات میں تاخیر کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔ اس پر پیر 11 دسمبر کو نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ الیکشن کمیشن 16 دسمبر سے قبل شیڈول کا اعلان کر دے گا۔ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

دوسری جانب سابق صدر مملکت آصف زرداری نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہاکہ انتخابات 8 فروری سے آگے جا سکتے ہیں مگر ہوں گے ضرور، التوا کا کوئی امکان نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp