صدر مملکت نے پنجاب میں 30 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کردیا

جمعہ 3 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدرِ مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن کے خط کی روشنی میں صوبہ پنجاب میں 30 اپریل بروز اتوار کو انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن میں آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا تھا جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں صوبہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے صدر مملکت کو خط ارسال کیا گیا تھا اور صدر مملکت نے اس تجویز کی روشنی میں 30 اپریل کو صوبے بھر میں انتخابات کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 30 اپریل سے 7 مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔

خط میں تجویز کی گئی تاریخوں کے ساتھ کہا گیا تھا کہ صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔

آج ہونے والے اس اہم اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی اور مذکورہ فیصلے کیے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے یکم مارچ کو انتخابات پر ازخود ںوٹس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 90 روز میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp