انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور آج کے میچ میں افغانستان کو 83 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی ہے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستانی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے اور گروپ اسٹیج میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
دبئی میں کھیلے جا رہے اے سی سی انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ میں آج کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے افغانستان انڈر 19 ٹیم کو 83 رنز سے شکست دیدی۔
پاکستان کی جانب سے شامل حسین، شاہ زیب خان اور ریاض اللہ نے نصف سنچریاں سکور کیں۔
عبید شاہ 3، طیب عارف 3، خبیب خلیل 2، عامر حسن 1، اور شامل حسین نے 1 وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم اپنا سیمی فائنل کا میچ 15 دسمبر… pic.twitter.com/pLjwOekwts
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) December 12, 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 اوورز میں 303 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ شمائل حسین نے 75 اور شاہزیب خان نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ ریاض اللہ 73 اسکور کر کے نمایاں رہے۔
اس کے بعد اذان اویس نے 20، سعد بیگ 8، طیب عارف نے 6، عرفات منہاس 4، عامر حسن 8، خبیب خلیل 3 اور عبید شاہ نے ایک رنز اسکور کیا۔ جبکہ محمد ذیشان صفر پر ہی آؤٹ ہو گئے۔
مزید پڑھیں
جواب میں 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم جم کر نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
افغانستان کے بیٹر نعمان شاہ 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ وفی اللہ اور فریدون نے 32،32 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ اور طیب عارف نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ خبیب خلیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ عامر حسین اور شمائل ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم نے اس سے قبل نیپال اور بھارت کو شکست دی ہے۔