بھارت کے خلاف سینچری اسکور کرنے والے اذان اویس کون ہیں؟

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار سینچری اسکور کر کے قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے والے اذان اویس کے چرچے سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا میں بھی ہورہے ہیں۔

اذان اویس نے انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارت کے خلاف 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ اذان اویس نے کپتان سعد بیگ کے ساتھ 115 گیندوں پر 125 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اذان اویس کی اننگز کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے پہلے اوپنر شاہ زیب خان کے ساتھ 110 رنز کی شراکت داری قائم کی اور پھر ٹیم کو فتح دلوانے تک وکٹ پر موجود رہے۔

اذان اویس کون ہیں؟

اذان اویس کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے ہے اور ان کے والد ایکسپورٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ اذان اویس 2016 سے پروفیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں، وہ اس سے قبل پاکستان انڈر 13 اور انڈر 16 کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اذان اویس انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے تاہم وہ بطور متبادل کھلاڑی ٹیم کے ساتھ تھے۔
بھارت کے خلاف سینچری کے علاوہ بنگلہ دیش کے خلاف رواں برس چٹوگرام میں بھی سینچری اسکور کی تھی جبکہ ون ڈے میں نیپال کے خلاف ایک اور بنگلہ دیش کے خلاف 2 نصف سینچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔

اذان اویس نے سری لنکا کے خلاف بھی ٹیسٹ سینچری اسکور کر رکھی ہے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے اذان اویس، بابراعظم کو اپنا فیورٹ کھلاری قرار دیتے ہیں، جبکہ انگلش کپتان الیسٹر کوک کے بھی مداح ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ الیسٹر کی بیٹنگ دیکھ کر اپنی تکنیک بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp