ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاون کیا گیا، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
مزید پڑھیں
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محمد طارق کریم انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھا، گرفتار ملزم ڈی ایچ اے کراچی میں واقع ایم ٹی کنسلٹنسی کے نام سے غیر رجسٹرڈ کاروبار چلا رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹور رہا تھا، ملزم اوورسیز ایمپلائمنٹ پرموٹرز لائسنس کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔
ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسٹمپس، لیٹر ہیڈز، ایگریمنٹس، پاسپورٹ اور ویزے کی نقول اور دیگر سفری دستاویزات برآمد کر لیے گئے۔
ایف آئی حکام نے ملزم کے زیر استعمال موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کو بھی تحویل میں لے لیا، ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔