لاہورپولیس کا چیئرمین نادرا کو خط، سانحہ 9 مئی میں اشتہاری پی ٹی آئی قیادت کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی استدعا

بدھ 13 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ 9 مئی کے اشتہاریوں کے خلاف بڑا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور پولیس نے چیئرمین نادرا کو 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے سے متعلق خط لکھ دیا۔

 لاہور پولیس نے چیئرمین نادرا کو لکھے گئے خط میں استدعا کی ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کیے جائیں۔ اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک ہونے سے وہ نہ تو کوئی پراپرٹی کی خریدوفروخت کر سکیں گے اور نہ ہی کہیں ہوائی سفر کر سکیں گے۔

Request for Blockade of Id PDF (1) by akkashir on Scribd

لاہور پولیس کی جانب سے چیئرمین نادرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 18 اشتہاری ملزمان شاملِ تفتیش ہوئے نہ ہی انسداد دہشتگردی عدالت پیش ہوئے۔ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کاپی خط کے ساتھ لف کردی گئی۔

خط کے متن کے مطابق تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے۔لہٰذا شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک کیے جائیں۔

لاہور پولیس کی جانب سے جن 18 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی استدعا کی گئی ہے ان میں مراد سعید، اعظم سواتی ، حماد اظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم عباسی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ، زبیر نیازی، ملک ندیم عباس، غلام محی الدین دیوان شامل ہیں۔

خط کے مطابق  اشتہاری ملزمان کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ملک کے بیشتر حصوں میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp