الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے الیکشن کے التوا سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو انتخابات کروانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے تھے، موجودہ صورت حال کا الزام الیکشن کمیشن پر عائد نہیں کیا جا سکتا۔
مزید پڑھیں
جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پریس کانفرنس کے دوران انتخابات ملتوی کرانے کے سلسلے میں کمیشن پرلگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہیں اوراس کوعوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہیں۔
کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کوالیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کا تقرر بھی کر دیا گیا تھا اور ملک بھر میں ان کی ٹریننگ بھی شروع کر دی گئی تھی جو کہ الیکشن شیڈول سے پہلے ضروری ہےتاکہ شیڈول کا اعلان ہوتے ہی کاغذات نامزدگی کا اجرا کر سکیں اور وصول کر سکیں اور اس سلسلے میں دیگر ذمہ داریاں نبھائی جا سکیں۔
#ECP pic.twitter.com/wcdq8A55XU
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) December 14, 2023
ترجمان نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کے تقرر کو چیلنج کرنے اور ان کی تقرری کی معطلی کے بعد کی صورتحال پر کمیشن نے تفصیل سے غور کیا اور جلد ہی اس پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال کا الیکشن کمیشن کو کسی طور بھی ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر جاری ایک اور پریس ریلیز میں کہا تھا کہ ’ الیکشن کمیشن ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبر کی سختی سے تردید کرتا ہے، جس میں الیکشن کمیشن کے ذرائع کے حوالے سے سپریم کورٹ جانے کا اشارہ کیا گیا ہے‘۔
#ECP pic.twitter.com/LQpVu9EBtg
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) December 14, 2023
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’ یہ خبر بے بنیاد ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایسی مبہم خبروں کو پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان، شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ اس حوالے سے تمام اہداف کو بروقت کیا جا رہا ہے۔