چینی کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ کیوں؟

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں یکدم بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔اور آئندہ دنوں میں چینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں چینی کی 50 کلو کی بوری ایک ہزار روپے مہنگی فروخت ہو رہی ہے، جس کے بعد 50 کلو چینی کی ایک بوری کی قیمت 7 ہزار روپے تک  پہنچ چکی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں چینی کی قیمت 80 سے 90 روپے فی کلو کے درمیان تھی جو مارکیٹ میں اب 160 روپے ہوگئی ہے، یعنی 11 مہینوں میں چینی کی قیمت میں تقریباً 80 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں کچھ شہروں میں 10 روپے اور کہیں 20 روپے تک اضافہ ہوا ہے، لیکن تشویش کی بات یہ ہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں کیوں اضافہ ہورہا ہے؟

چینی کی اچانک قیمت میں اضافے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے نائب صدر اسکندر خان کا کہنا ہے کہ چینی کا 80 فیصد استعمال صنعتی ہے اور چینی کی قیمت بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ حکومت ہے۔

’حکومت نے 2 ارب روپے چینی کو برآمد کرنے کے بجائے اسمگل کیا ہے، ابھی بھی ملک میں چینی کی کمی نہیں لیکن حکومتی سطح پر بد انتظامی ہے، حکومت اگر 35 فی صد سیلز ٹیکس ختم کرتی ہے چینی کی قیمت 100 روپے تک آ جائے گی، اب شوگر ملز کیا کریں جب حکومت نے گنے اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔‘

راولپنڈی ہول سیل ٹریڈر کا کہنا تھا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 120 روپے سے بڑھا کر 132 روپے کردی گئی ہے اور چینی کی 100 کلو کی بوری 13 ہزار 5 سو روپے اور بعض جگہوں پر 14 ہزار میں بھی فروخت ہو رہی ہے۔

علی کریانہ اسٹور کے محمد علی کے مطابق کرشنگ سیزن کے باوجود چینی کی قیمت بڑھنا حکومت پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ (فائل فوٹو)

رواں ماہ کے کاروباری دنوں میں چینی کی ہول سیل قیمت میں تقریبا 10 سے 15 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی ہے۔ جس کے اثرات ریٹیل مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔

اسلام آباد کے پاکیزہ کیش اینڈ کیری کے مالک محمد عامر کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک کلو چینی کی قیمت میں 10 روپے تک اضافہ ہوا ہے جس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، 50 کلو چینی کا تھیلا جو 6 ہزار روپے تک مل جایا کرتا تھا اب اس کی قیمت تقریباً 7 ہزار روپے کے لگ بھگ ہو چکی ہے۔

محمد عامر کے مطابق چینی کی قیمت بڑھنے کی صحیح وجہ تو ابھی تک سامنے نہیں آئی لیکن شوگر ملز اور مافیا قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ ہیں اور مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔

’ہم اس وقت نقصان کے ساتھ چینی 150 روپے کلو فروخت کررہے ہیں کیونکہ 142 روپے کلو منڈی سے مل رہی ہے، جس میں ہمارا ٹرانسپورٹ کا کرایہ شامل نہیں، اور 7 روپے کی تھیلی ہم خود خریدتے ہیں جس میں چینی کو پیک کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس وقت چینی میں سب سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے۔‘

اسلام آباد کے رہائشی سیکٹر جی 8 میں علی کریانہ اسٹور کے مالک محمد علی کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کا سبب بڑے مافیا اور ملکی حالات ہیں، کیونکہ ملک میں چینی کی قلت نہیں ہے، جو تھیلا 6 ہزار روپے میں مل جاتا تھا اس کی قیمت اب 7 ہزار روپے سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

محمد علی کے مطابق کرشنگ سیزن کے باوجود بھی چینی کی قیمت بڑھنا حکومت پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ’ مصنوعی بحران پیدا کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے چینی کی قیمت جان بوجھ کر بڑھائی جا رہی ہے، جس پر قابو پانا بہت ضروری ہے، ورنہ آئندہ دنوں میں چینی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp