ٹانک پولیس لائن پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس کی کارروائی جاری ہے

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں دہشت گردوں نے پولیس لائن پر حملہ کر دیا۔ جوابی کارروائی میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ پولیس کی کارروائی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان سے ملحقہ ٹانک شہر میں واقع پولیس لائن پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا، دہشت گردوں نے جدید اور بھاری اسلحے کا استعمال کیا۔

حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی شروع کر دی جبکہ سیکیورٹی فورسز کے دستے بھی پولیس لائن پہنچ گئے ہیں۔ ٹانک پولیس نے بتایا فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے جبکہ پولیس لائن اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حملے میں ایک اے ایس آئی شہید ہوئے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا ہے جس کی لاش پولیس نے تحول میں لے لی ہے۔ جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ابھی تک کسی کالعدم گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

یاد ہے کہ چند دن پہلے ٹانک سے ملحقہ ضلع ڈی آئی خان میں درابن میں دہشت گردوں نے بڑا حملہ کیا تھا۔ جس میں سیکیورٹی فورسز کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حملے میں 23 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ جبکہ جوابی کارروائی میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری غیر معروف دہشت گرد تنظیم تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp