برفانی ہواؤں کی وجہ سے ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم ملکی موسمی صورت حال پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی اورابر آلود رہے گا۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں اسموگ اور دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چاغی، تربت، پنجگور، نوکنڈی، دالبندین، ژوب، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

بارش اور برف باری کے بعد کوئٹہ اور صوبے کے شمالی علاقوں میں ہفتہ سے منگل تک سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب کل سے 18 دسمبر کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور شمال مغربی بلوچستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اورپہاڑوں پرہلکی برف باری کا امکان  ہے، جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp