داؤد ابراہیم کو زہر دے دیا گیا، بھارتی میڈیا کا دعوٰی

پیر 18 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک چونکا دینے والی پیشرفت میں بھارتی میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ بدنامِ زمانہ بھارتی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کو زہر دینے کی کوشش کی گئی ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم اس خبر کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق داؤد ابراہیم کو مبینہ طور پر زہر دینے کے پیچھے ذرائع اور محرکات ابھی تک واضح نہیں ہیں، تاہم اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم کو کسی قریبی شخص نے زہر دیا تھا جس سے وہ بیمار رہنے لگا تھا اور نوبت اسپتال میں علاج تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر پاکستان میں مقیم داؤد ابراہیم کی حالت تشویشناک ہے اور اسے سخت حفاظتی انتظامات میں رکھا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے دیگر ذرائع ابلاغ نے ان خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ داؤد ابراہیم بالکل ٹھیک ہے اور اپنے محفوظ گھر میں مقیم ہے۔

انہوں نے بھارت پر داؤد کی صحت کے بارے میں جھوٹی افواہیں پھیلانے کا الزام بھی لگایا تاکہ اس کے ساتھیوں اور حامیوں میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے۔

داؤد ابراہیم دنیا کے انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں سے ایک ہے، اور اس پر 1993 کے ممبئی دھماکوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے جس میں 250 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

داؤد ابراہیم کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مختلف دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث ہے، جیسے کہ منشیات کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بھتہ خوری اور اسلحے کی اسمگلنگ۔

بھارت کئی دہائیوں سے پاکستان میں داؤد ابراہیم کی موجودگی کا دعوٰی کرتے ہوئے اس کی حوالگی کا مطالبہ کرتا رہا ہے، تاہم پاکستان نے ہمیشہ داؤد ابراہیم کو پناہ دینے سے انکار کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ وہ اس کی سرزمین پر نہیں ہے۔

بھارت نے داؤد ابراہیم کے سر کی قیمت 25 ملین ڈالر رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp