پاکستان کی خواتین ٹیم نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے ابتدائی 2 ون ڈے جیتے تھے اس طرح سیریز ایک کے مقابلے میں 2 سے ان کے نام رہی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا میچ ٹائی ہو گیا تھا جس کے بعد سپر اوور میں پاکستان نے 3 رنز سے کامیابی حاصل کی جو اس لحاظ سے پاکستان ویمن ٹیم کی تاریخی کامیابی ہے کہ اس سے قبل ون ڈے میں اس نے نیوزی لینڈ ٹیم کو ان ہی کے ملک میں کبھی نہیں ہرایا تھا۔
بسمہ معروف نے 68 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور ان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ ویمن کی امیلیا کیر کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سپر اوور میں پاکستان ویمن نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز اسکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم سعدیہ اقبال کے اوور میں 8 رنز بنا سکی۔ دونوں ٹیموں کے مابین کل 17 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں نومبر 2017 (شارجہ) کے بعد یہ محض دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ویمن نے نیوزی لینڈ ویمن کو ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دی ہے جبکہ میزبان ٹیم کے خلاف ان ہی کے ملک میں پاکستانی خواتین ون ڈے کی یہ پہلی فتح ہے۔
مزید پڑھیں
اس سے قبل اس کی واحد کامیابی نومبر 2017 میں شارجہ میں تھی جہاں اس نے ثنا میر کی 4 وکٹوں اور بسمہ معروف کے ناقابل شکست 36 رنز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میڈی گرین 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ امیلیا کیر نے 77 اور سوفی ڈیوائن نے 29 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے نشرح سندھو اور غلام فاطمہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن کی جانب سے بسمہ معروف نے 68، عالیہ ریاض نے 44 اور فاطمہ ثناء نے 36 رنز اسکور کیے جبکہ نجیہہ علوی 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ویمن 3 میچز کی سیریز میں 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ بسمہ معروف کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ ویمن کی امیلیا کیر سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
مزید پڑھیں
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کستان ویمن ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ نمبر 2 پر ہے۔
تاریخی جیت پر قومی ٹیم کو ذکا اشرف کی مبارکباد
دریں اثنا پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے نیوزی لینڈ میں تاریخی جیت پر پاکستان ویمن ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ پوری ٹیم، مینجمنٹ اور معاون عملہ کو نیوزی لینڈ کا دورہ شاندار کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، آج کی ون ڈے جیت کھلاڑیوں کی مہارت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Pakistan women create history, beat New Zealand in Super Over
Read more ➡️ https://t.co/C38eGYRVXI#NZWvPAKW | #BackOurGirls
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) December 18, 2023
ذکا اشرف نے کہا کہ امید ہے ٹیم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہے گی اور مستقبل میں بھی ایسے ہی نتائج لائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دورہ نیوزی لینڈ سے واپسی پر پاکستان ویمن ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔