پاکستان میں گزشتہ 2 دہائیوں سے چوک چوراہوں میں عادی گداگروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوتا جا رہا ہے، پولیس ہر روز بھکاریوں کو گرفتار کرتی ہے تاہم بعد ازاں چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق ایک بھکاری ایک دن میں 3 سے 4 ہزار روپے با آسانی کما لیتا ہے۔
راولپنڈی میں گزشتہ روز ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، 7 سال سے لاپتہ سابق پولیس اہلکار مستقیم خالد کو راولپنڈی کینٹ کے علاقے ٹاہلی موہری میں بھیک مانگتے ہوئے ماں نے پہچان لیا اور اس کے بارے میں تھانہ سول لائنزکو اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مستقیم کو تحویل میں لے لیا اور اس سے بھیک منگوانے والے گینگ کی 3 خواتین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مستقیم خالد کو اغوا کیا اور بعدازاں اسے معذور کرکے اس سے بھیک منگوانے لگے۔ گینگ کی گرفتارہونے والی عورتوں کے نام مریم، سبینہ اور بعد الامین بتائے جاتے ہیں جن کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔
مزید پڑھیں
مستقیم کی والدہ کے مطابق اس کے بیٹا 2006 میں کانسٹیبل بھرتی ہوا مگر 2010 میں ٹائفائیڈ کی وجہ سے اس کا بیٹا ذہنی طور پر نارمل نہ رہا جس کے بعد 2011 میں طویل غیر حاضری پر اسے نوکری سے فارغ کردیا گیا تھا۔
ماں کے مطابق مستقیم ذہنی طور پر متاثر ہونے کی وجہ سے اکثر گھر سے چلا جاتا تھا مگر بعد میں مل بھی جاتا تھا۔ 2016 میں مستقیم خالد گھر سے گیا تو پھر واپس نہ آیا اور برسوں بعد مستقیم کی والدہ نے اپنے بیٹے کو بھیک مانگتا دیکھ کر پہچان لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔
مستقیم خالد کی والدہ شاہین اختر نے تھانہ سول لائنزمیں ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے بتایا کہ 19 دسمبر کی شام وہ اپنے بھتیجے عبدالحنان کے ساتھ ٹاہلی موہری میں اپنے قریبی عزیزوں کے گھر جارہی تھی اور وہ جیسے ہی ٹاہلی موہری چوک پہنچی تو اچانک ان کی نظر اپنے بیٹے مستقیم پر پڑی جو 3 عورتوں کے ہمراہ بھیک مانگ رہا تھا۔ شاہین اختر نے مزید بتایا کہ انہوں نے جیسے ہی اپنے بیٹے کو پہچان کر اسے گلے لگانا چاہا تو گینگ کے دیگر افراد نے انہیں دھکے دینا شروع کردیے۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ ملزمان نے ایک ذہنی طور پر متاثر شخص کو اپاہج کرکے اور اس سے بھیک منگوا کر انسانیت کو شرمسار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اورگینگ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کرکے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے سابق پولیس اہلکار کے اغوا اور اس سے بھیک منگوانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔