الیکشن 2024: کس امیدوار نے کہاں سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے؟

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتخابات 2024 کے لیے ملک بھر سے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل شروع ہو گیا ہے، امیدوار اسلام آباد اور صوبوں  میں آر او آفسز سے کاغذات نامزدگی حاصل کر رہے ہیں۔

امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک متعلقہ آر او آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں جس کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی کے لیے ضروری ہدایات جاری کردیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ایک امیدوار مختلف تجویز کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 5 کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے۔

قومی اسمبلی کے لیے فیس 30 ہزار روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کی 20 ہزار روپے ہے، امیدوار کے لیے پاکستان کا شہری ہونا ضروری ہے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت امیدوار کی عمر 25 سال سے کم نہ ہو۔ قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو سکتا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ہونا ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے بھی امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے۔

اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلے 10 جنوری تک کیے جائیں گے۔ نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری ہوگی جب کہ 12 جنوری کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی۔

نوازشریف مانسہرہ سے انتخابی میدان میں اتریں گے

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔

اس کے علاوہ مانسہرہ کے حلقہ این اے 14 سے مسلم لیگ ن کے رہنما سردار یوسف سمیت 20 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

بلاول بھٹو نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے

 این اے 194 لاڑکانہ سے بلاول بھٹو زرداری کے لیےکاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے ہیں جبکہ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کے لیے 3 حلقوں سے کاغذاتِ نامزدگی وصول کیے گئے ہیں۔

شہبازشریف کراچی سے الیکشن میں حصہ لیں گے

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی کے حلقہ این اے 242 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور صدر ن لیگ کا نامزدگی فارم بھی وصول کرلیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق این اے 242 کے لیے شہباز شریف کا فارم صالحین تنولی نے وصول کیا، صالحین تنولی فارم لے کر آج ہی لاہور روانہ ہوں گے اور کل شہباز شریف کا فارم این اے 242 کے لیے جمع کرا دیں گے۔

ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنونیئر مصطفیٰ کمال نے ڈی آر او آفس میں کاغذات نامزدگی این اے 242 سے جمع کروا دیے۔

بلوچستان میں کاغذات نامزدگی جاری ہونے لگے

بلوچستان میں بھی آج عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جاری اور وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، امیدوار کوئٹہ کی 3قومی اور 9 صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع  کروا  رہے ہیں۔

کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 262 کے لیے، اب تک ریٹرننگ افسر نے 20 کاغذات نامزدگی جاری کردیے ہیں، جبکہ این اے 264 کوئٹہ 3 سے 27 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 39 سے 13 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، پی بی 38 کے ریٹرننگ افسر نے 7 ، پی بی 40 سے 22 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے ہیں۔

پی بی 42 سے 28 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں، پی بی 44 کے ریٹرننگ افسران نے 25 کاغذات نامزدگی جاری کیے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 کے ریٹرننگ افسر نے 13 فارم جاری کردیے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا سلسلہ شروع

 خیبرپختونخوا میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے فارمز حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کی مخصوص نشستوں کے لیے 113 خواتین نے فارمز حاصل کیے ہیں، اقلیتی نشست پر اب تک 51 فارمز جاری ہوچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لیے امیدوار کاغذات نامزدگی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں جمع کروا رہے ہیں۔

اسلام آباد : امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولیوں کا سلسلہ جاری

اسلام آباد سے بھی امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے، این اے 48 سے مجموعی طور پر 75 افراد نے کاغذاتِ نامزدگی وصول کیے ہیں جبکہ این اے 46 سے مجموعی طور پر 35 افراد نے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

راولپنڈی : شیخ رشید اور راشد شفیق نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

راولپنڈی سے عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ راشد شفیق نے این اے 55 اور 56 سے اپنے اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں امیدواران الیکشن کمیشن سے نامزدگی فارم حاصل کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp