مسلم لیگ ن کی ملک بھر سے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایات جاری

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایات جاری کردیں، مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے کی باضابطہ اجازت بھی دے دی۔ ہر امیدوار کو 22 دسمبر تک پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔

پارٹی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق الیکشن شیڈول جاری ہونے پر پارٹی ٹکٹ کے خواہش مندوں کو کاغذات جمع کرانے کی اجازت دی گئی، جس کے مطابق ہر امیدوار کو 22 دسمبر تک پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔ پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں گے اور پارٹی کے نامزد امیدوار کی حمایت کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے پارٹی ٹکٹ کے تمام درخواست گزار امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے اجرا اور جمع کرانے کے شیڈول کا اعلان ہونے کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا۔

پارٹی کے مرکزی شعبہ نشرواشاعت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ملک بھر میں امیدواروں کو قومی وصوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں پر اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ امیدوار متعلقہ ریٹرنگ افسران کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔

پارٹی صدر شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کو پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو 22 دسمبر تک حلف نامہ جمع کرانا ہوگا کہ پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے اور حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ امیدوار کی بھرپور حمایت کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے ملک بھر سے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کے ناموں پر غور مکمل کرلیا ہے اور اب پارٹی قیادت حلقہ وار امیدواروں، مخصوص نشستوں پر ناموں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ حتمی فیصلے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp