نگراں حکومت کی بلاول پر عنایات ہیں، احسن اقبال

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہواؤں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف ہے، ہم عمران خان کا ہر صورت میں مقابلہ کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ بلاول بھٹو کا اب لیول پلیئنگ فیلڈ کا شکوہ ختم ہونا چاہیے۔ ’سابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے ہیں اور نگراں حکومت کی بلاول پر عنایات ہیں‘۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نوازشریف ہوں گے جبکہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان کو اسی وقت نااہل کر دینا چاہیے تھا جب 2014 میں پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا، جو لوگ سانحہ 9 مئی میں ملوث ہیں انہیں یقیناً قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن بلوچستان میں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ آئی پی پی کے پنجاب میں الیکشن لڑنے کا مسلم لیگ ن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

سیکریٹری جنرل ن لیگ نے کہاکہ جن لوگوں نے پچھلے الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا وہ ان سے مایوس ہو چکے ہیں اور مسلم لیگ ن کی پوزیشن 2018 سے زیادہ مضبوط ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو نوازشریف جیسے لیڈر کی ضرورت ہے، 2017 میں ان کو وزارت عظمیٰ سے نکال کر حق تلفی کی گئی تھی، اس لیے انہیں ایک بار پھر وزیراعظم بننا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فوج میں بغاوت کی کوشش کی، اب ان کو قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp