حکومت پاکستان نے عازمین حج کی سہولت اور ان کی معلومات کے لیے ’پاک حج موبائل ایپ‘ کا اجرا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیارکردہ موبائل ایپ سےعازمین حج کے لیےتمام معلومات با آسانی دستیاب ہوں گی۔ حج آپریشن کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ریکارڈ مدت میں یہ موبائل ایپلیکیشن بنائی ہے۔
نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف اور وزیرمذہبی امورانیق احمد نے ’پاک حج ایپ‘ کا اجرا کیا۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی ہدایت کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے لیے پاک حج ایپلی کیشن کا اجرا اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے، عازمین حج کی درخواست، مناسک حج کی ادائیگی اور واپسی تک کی تمام معلومات اس ایپ میں شامل ہیں۔
ڈاکٹرعمر سیف نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، سعودی عرب میں رہائش کے معاملات شامل ہیں، عازمین رقم کی ادائیگی، دوران حج مقامات کے لائیو نقشے اور لوکیشن سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت ادارے این آئی ٹی بی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کے اپ گریڈیشن میں ایپلی کیشن کا اجرا ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایپ کے ذریعے متعلقہ حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے اور عازمین کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد ملے گی۔
بعد ازاں، چیف ایگزیکٹیو آفیسر این آئی ٹی بی بابر مجید بھٹی نے ایپلی کیشن کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔