الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن شیڈول پر نظرثانی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی ہے۔ نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کردیا گیا۔ اب الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواران 24 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔
سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے مراسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 2 روز کی توسیع کی استدعا کی گئی تھی۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن پولنگ تاریخ میں تبدیلی کیے بغیر شیڈول میں ترمیم کر سکتا ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے صرف 3 دن دیے گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 7 دن مختص کئے گئے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اس کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی جمع کرانا ہوتی ہیں۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے این او سی بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں۔ دستاویزات مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ جب کہ دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں۔
اس صورتحال کے ذکر کے ساتھ الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی تھی کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے فروری کی پولنگ تاریخ تبدیل کیے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کرے۔