مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع خبر کے مطابق حکومت نے سوشل میڈیا پر قرآن پاک کے مستند ترجمےکے لیے نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور نے قرآن پاک کا مستند نسخہ مرتب کیا ہے، اس نسخےکی صوبائی قرآن بورڈ سے تائید حاصل کی جائےگی ، بعض افراد سوشل میڈیا پر بھی قرآن پاک کے ترجمے کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالتے ہیں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) وزارت مذہبی امور کی کوآرڈینیشن سے اس عمل کو چیک کرےگا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کا مستند ترجمہ ہر ضلع اور ہر تحصیل میں پہنچائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ یہ ایک فرض ہے ہم اس کو نبھانےکی کوشش کر رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے اس سلسلے میں اچھا کام کیا ہے، قرآن پاک کی حفاظت کے لیے ہم پہلے ہی متحرک ہیں، قرآن پاک کی حفاظت ہمارا دینی فریضہ ہے۔
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ جو ترجمہ قرآن پاک پہلے ہوچکا ہے اس پر سب کا اتفاق ہے، تمام مسالک کو بٹھا کر ایک قرآن پاک کے ترجمے پر اتفاق کیاگیا ہے۔