انتخابات 2024 کے لیے مختلف پارٹیوں کے مرکزی رہنماؤں سمیت دیگر امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے جس کی آخری تاریخ 24 دسمبر ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے شیڈول پر نظرثانی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع کرتے ہوئے اسے 22 دسمبر کی بجائے اب 24 دسمبر کردیا ہے۔
تقریباً تمام ہی بڑی سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں بشمول اعلیٰ قیادت کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے تاہم پی ٹی آئی سمیت چند ایک پارٹیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ یا تو انہیں گرفتار کیا جارہا ہے یا پھر اس عمل میں مبینہ طور پر رخنے ڈالے جا رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی بیرسٹر جہانگیر جدون نے جمع کرائے۔ نوازشریف کے لاہور سے کاغذات نامزدگی بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے قصور کے حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کر ادیے گئے۔ شہباز شریف کے این اے 132 قصور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
عابد شیر علی نے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 102 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ن لیگ میں حال ہی میں شامل ہونے والے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن بھی میدان میں
ن لیگ سندھ کے رہنما بشیر میمن نے پی ایس 56 ہالہ اورپی ایس 44 شہداد پور سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جبکہ ان کے بھائی نصیر میمن نے پی ایس 56 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف: عمران خان کے اسلام آباد، لاہور اور میانوالی کی نشستوں کے لیے کاغذات جمع ہوگئے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرادیے گئے۔ ان کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے جمع کرائے گئے۔ انہوں نے گزشتہ روز اڈیالا جیل میں اپنےکاغذات نامزدگی پر دستخط کیے تھے۔ عمران خان میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔
الحمدللہ عمران خان صاحب کے اپنے حلقے میاںوالی سے کاغذات نامزدگی جمع ہو گئے ہیں!!!#ImranKhan pic.twitter.com/awdE8XU5Yn
— Seemabia Tahir (@seemabiatahir) December 22, 2023
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل بھی مکمل ہوگیا۔ وہ بونیر کے حلقہ این اے 10 سے الیکشن لڑیں گے۔
مخصوص نشت کے لیے زرتاج گل نے پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے وکیل آفتاب باجوہ کے وساطت سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ زرتاج گل نے قومی اسمبلی کے لیے کاغزات نامزدگی جمع کرائے۔
صنم جاوید کا مریم نواز سے مقابلہ کرنے کا اعلان
صنم جاوید پی ٹی آئی کی طرف سے مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑیں گی۔ سینیٹر اعجاز چوہدری کے کاغذات نامزدگی جوہر ٹاون لاہور میں چھین لیے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کرلیا ہے۔
مانسہرہ میں نواز شریف سے مقابلہ کرں گا، سینیٹر اعظم سواتی
سینیٹر اعظم خان سواتی نے مانسہرہ سے نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔
اعظم سواتی نے کہا کہ آج نواز شریف نے مانسہرہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 15 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں لہٰذا وہ اب اس حلقے سے قائد ن لیگ کا مقابلہ کریں گے۔
عدالت کی حسان نیازی سے کاغذات نامزدگی پر دستخظ کرانے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے حسان نیازی سے الیکشن کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے حسان خان کی والدہ کی درخواست پر 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ حسان نیازی اس وقت جناح ہاؤس حملہ کیس میں کمانڈنگ آفیسر کی کسٹڈی میں ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری کی جانب سے بھی عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔
آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی نواب شاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 پر ان کی بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جمع کرائے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس 77 سیہون سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
مزید پڑھیں
ایم کیو ایم نئے عزم کے ساتھ
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اور ارشد وہرا نے بھی عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
ایم کیو ایم کے رہنما اور کراچی کے سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے وسطی کے حلقے 247 سے بھی کاغذات جمع کرادیے۔
جماعت اسلامی بھی ترازو لیے میدان عمل میں
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے بھی قومی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 7 دیر لوئر 2 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 39 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 102 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جبکہ صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے مردان سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 61 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ کے مطابق سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے دیر اپر پی کے 13 کے لئے کاغذات جمع کیے۔
پارٹی کے کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے این اے 250 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
استحکام پاکستان پارٹی
استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان نے پی پی149 اور این اے 119 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جبکہ شعیب صدیقی نے پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں اسلام آباد اور پشاور سے 2 خواجہ سرا بھی شامل
دریں اثنا عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پشاور اور اسلام آباد سے 2 خواجہ سراؤں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ان دونوں میں ثوبیہ خان اور نایاب علی شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے نایاب علی نے جبکہ خیبر پختوانخوا کی صوبائی اسمبلی کی نشست کے پی 18 سے ثوبیہ خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کی شکایت
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے فراز چوہدری کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ فراز چوہدری سابق وزیر فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئے تھے۔