انتخابات 2024: شہبازشریف، مریم نواز سمیت مزید سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

ہفتہ 23 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تاریخ میں توسیع کے بعد کل 24 دسمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 242 پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

اس کے علاوہ شہبازشریف پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں، جبکہ پنجاب اسمبلی کے 2 حلقوں پی پی 158 اور 164 سے بھی کاغذات حاصل کر لیے ہیں۔

مریم نواز نے این اے 119 اور 120 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے

چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے لاہور کے حلقہ این اے 119 اور این اے 120 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

اس کے علاوہ مریم نواز پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں سے بھی امیدوار ہیں، اور حلقہ پی پی 159، پی پی 160 اور  پی پی 165 سے کاغذات جمع کرا دیے گئے ہیں۔

عطا تارڑ بھی انتخابی دنگل میں اتریں گے

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عطا تارڑ بھی انتخابی میدان میں اتریں گے، انہوں نے این اے117، این اے 120 اور این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

اس کے علاوہ دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ کل کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 سے سامنے آ گئیں

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار نے بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر شیر افضل مروت نے پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 32 سے اپنے وکیل کے ذریعے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

اسلام آباد کے 3 حلقوں سے 109 امیدواروں نے کاغذات جمع کروا دیے

اِدھر اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک مجموعی طور پر 109 امیدواروں کی جانب سے کاغذات جمع کروائے گئے ہیں۔

این اے 46 کے لیے 33 جبکہ این اے 47 کے لیے 46 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ جبکہ این اے 48 کے لیے 36 امیدواروں نے کاغذات داخل کیے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے عامر شیخ نے این اے 47 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ عامر مغل نے این اے 46 سے کاغذات جمع کروائے ہیں۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم،ٹیم کو بلے کے بغیر کھیلنا ہوگا

واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ان سے بلے کا نشان واپس لے لیا ہے۔

پی ٹی آئی نے بلے کا نشان واپس لینے کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

یہ بھی واضح رہے کہ کراچی کے جس حلقے سے شہبازشریف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اسی پر ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال بھی امیدوار ہیں اور ترجمان ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ اس سیٹ پر مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp