نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم اور صحت کے میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔
پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں، ہندو، سکھ عیسائی اور دیگر مذاہبِ کے ماننے والوں کو برابرحقوق حاصل ہیں، پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں
وہ ہفتہ کو وزارتِ انسانی حقوق کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی اور کرسمس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔
تقریب سے نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، سینیئر پاسٹرانور فضل نے بھی خطاب کیا۔
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام انبیا ایک نور کی لڑیاں ہیں ان میں تفریق نہیں کی جاسکتی۔ حضرت آدم سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک سارے نبی ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور مسیحیوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اسلام کے بنیادی ارکان کی طرح مسیحیوں اوراقلیتوں کے حقوق اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کا بھی درس دیا گیا ہے۔
ہم مسیحیوں کو اہل کتاب کے طور پر دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک دوراندیش رہنما تھے، انہوں نے مستقبل کے حالات کا ادراک کر لیاتھا، اسی لیے 11 اگست 1947 کو قانون ساز اسمبلی میں اپنی تقریر میں پاکستان میں تشکیل پانے والے نئے سیاسی نظام کے رہنما اصول وضع کیے۔