نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس منا رہی ہے۔ میری اور پوری قوم کی جانب سے ہمارے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔ کرسمس محبت و اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے، کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں انہی اقدار کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔
اللہ کے نبی، حضرت عیسٰی علیہ السلام نے انسانیت کے دکھوں پر مرہم رکھا اور اللہ تعالی کے پیغام، انجیل کو پوری انسانیت تک پہنچایا۔ آپ علیہ السلام کے امن، بھائی چارہ، رواداری اور برداشت کے درس نے پوری انسانیت کی اصلاح کی اور رب کی بارگاہ میں کامیابی کا ذریعہ بنی۔ آپ علیہ السلام کی اخلاقی تعلیمات اور راہنمائی رہتی دنیا تک بنی نوع انسان کے لیے مشعل راہ ہیں۔ موجودہ دور میں ہمیں حضرت عیسٰی علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام پر عمل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
گزشتہ کچھ برسوں میں عالمی سطح پر مذہبی عدم برداشت کی لہر کی وجہ سے انسانی معاشرے میں بگاڑ کی سی صورتحال کا سامنا رہا. اس کے سدّباب کیلئے ہمیں حضرت عیسٰی علیہ السلام کے بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔
کرہ ارض کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہم سب کو حضرت عیسٰی کے محبت و رواداری کے پیغام کو مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔ اسی صورت ہم اس دنیا سے نفرت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتے ہیں۔ سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کی اقلیتی برادریوں بشمول مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی، دفاع، عدلیہ، فن، کھیل، غرض ہر شعبہء زندگی اور علم و عمل کے ہر میدان میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے اپنے دیگر ہم وطنوں کے سر فخر سے بلند کئے۔
مزید پڑھیں
اس ملک کی بنیادوں کو مضبوط کرنے اور سدا قائم و دائم رکھنے کے لیے ہماری مسیحی برادری اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے میں بھی پیش پیش رہی۔ قائد کے پاکستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ آئینِ پاکستان اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے جہاں نہ صرف ان کے لیے برابری کے حقوق تفویض کیے گئے ہیں بلکہ انہیں اپنی عبادات، مذہبی فرائض، رسومات و مذہبی تیوہاروں کو منانے کی بھی مکمل آزادی حاصل ہے۔ اور تو اور انکی عبادت گاہوں کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست اور ہر شہری کا فرض ہے۔
پاکستان کو درپیش مسائل کا تدارک اسی وقت ممکن ہے جب ہم رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر اسکی ترقی کے لیے ایک قوم بن کر دن رات محنت کریں۔ پاکستان ہم سب کا گھر ہے۔ آئیے اس کرسمس کے موقع پر ہم سب مل کر پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانے کا عہد کریں اور اس کو ہر قسم کی مشکلات سے نکالنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کرسمس کے موقع پر پیغام
ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے مسیحی بھائیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام کی حامل کرسمس مسرت، غور و فکر اور خوشی منانے کا موقع ہے۔ حضرت عیسیٰ (ع) کی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔
صدر کا کہنا تھا کہ مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع پاکستان کے لیے باعث استحکام ہے۔ ہماری مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہم ملک میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی جانب سے کی جانے والی قابل ستائش خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
اس تیوہار کے موقع پر، آئیے کرسمس کے جذبے کو منائیں، تمام برادریوں کے درمیان اتحاد، افہام و تفہیم اور خیر سگالی کو فروغ دیں۔ خدا کرے کہ کرسمس کا محبت، درگزر اور امید کا پیغام ہمارے دلوں میں گونجتا رہے اور امن، خوشی، ہم آہنگی اور خوشحالی سے بھرے مستقبل کی جانب ہماری رہنمائی کرے۔
صدر نے کہا کہ میں فخر سے کہتا ہوں کہ پاکستان میں دستور پاکستان کے مطابق اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے اور ان کا تحفظ کرتا ہے۔ حکومت پاکستان تمام شہریوں کو ان کے رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کی اپنی تاریخی تقریر میں کہا تھا کہ ہر کسی کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب کے برابر حقوق، مراعات اور ذمہ داریاں حاصل ہوں گی اور نئی ریاست پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔
جب ہم اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ یہ تیوہار منانے کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں تو ہمیں ان اقدار کو بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر ایک ساتھ جوڑتی ہیں۔ تنوع کا احترام، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، اور ایک روادار اور جامع معاشرے کی تعمیر کا عزم۔
میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتے ہیں۔ ہم سب مل کر اپنی عظیم قوم کے لیے ایک روشن اور زیادہ ہم آہنگ مستقبل کے لیے کام کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، کرسمس کا تیوہار محبت، اخوت اور برداشت کا درس دیتا ہے۔ ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار پر مسیحی برادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، پاکستان میں مسیحی برادری کو ملکی آئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں، تمام مذاہب کے باہمی احترام پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مسیحی برادری امن و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد
مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ءکو آئین ساز اسمبلی سے خطاب میں واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہوگا۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، ہم سب پاکستانی ہیں، اپنے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہیں، مسیحی برادری کی کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔