الیکشن 2024 کے نتائج کیا ہوں گے، اس کے بعد کا سیاسی منظرنامہ کیا ہوگا؟

پیر 25 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر سیّد خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی، الیکشن کے بعد اتحادی حکومت بنے گی۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار بلاول بھٹو ہیں، بینظیر بھٹو 35 سال کی عمر میں وزیراعظم بن گئی تھیں اور بلاول کی عمر بھی 35 سال ہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا، آصف زرداری صدر مملکت بن سکتے ہیں، اس سے قبل بھی انہوں نے جس طرح صدارت چلائی وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کر دیے۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے ساتھ ہمارے کوئی بڑے اختلافات نہیں ہیں، ان کی وجہ سے پنجاب میں ہمیں بہت نقصان اٹھانا پڑا اور ہمارا کارکن ہم سے ناراض ہو گیا۔

خورشید شاہ نے کہاکہ ہم کہتے ہیں کہ مل کر ملک کر آگے لے جانا ہو گا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت بنتی ہے تو یہ کتنی دیر چل سکے گی کیونکہ ن لیگ پرائیویٹائزیشن چاہتی ہے اور ہم اس کے خلاف ہیں، اس کے علاوہ دیگر پالیسیوں پر بھی ہمارے درمیان اتفاق رائے نہیں۔

ن لیگ نے نگراں سیٹ اپ میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں

سابق اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ کسی بھی سیاسی شخصیت کو نگراں حکومت میں نہیں ہونا چاہیے مگر ن لیگ نے اپنے لوگ نگراں سیٹ اپ میں بٹھائے ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سرفراز بگٹی اگر نگراں سیٹ میں تھے تو اس سے قبل ان کا پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔

پی پی پی رہنما نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی اور ہمیں اس کی ضرورت بھی نہیں، ہمارے ساتھ ماضی میں بھی ایسا ہوتا آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ ماحول میں الیکشن ہوئے تو ضرور سوالیہ نشان لگے گا۔ پی ٹی آئی کے جن لوگوں نے کوئی جرم نہیں کیا ان کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہاکہ ہم نے 18ویں ترمیم کے لیے ملک میں تحریک چلائی پھر جا کر یہ ممکن ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp