انتخابات 2024: مسلم لیگ ن کی وفاق میں حکومت سازی کے لیے پنجاب پر خصوصی توجہ

منگل 26 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ڈرامے کرنے کی ماہر ہے اور ایسا ہی کیا جا رہا ہے، ہم پنجاب سے قومی اسمبلی کی 100 سے زیادہ نشستیں حاصل کریں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کر رہے ہیں نا ہی وہ ہمارا ہدف ہیں، تحریک انصاف والے بتائیں ان کے کتنے امیدواروں کے کاغذات چھینے گئے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ انتخابی مہم کے پہلے 10 دنوں میں پتا چل جائے گا کہ پی ٹی آئی کہاں کھڑی ہے، انتخابات سوشل میڈیا پر نہیں ہوں گے، ہم گراؤنڈ پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف والے سب اپنا کیا ہوا بھگت رہے ہیں، ان کے خلاف کوئی کیس ایسا نہیں بنا جو سیاسی بنیادوں پر بنا ہو۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ ہم جو سیاسی محنت کر رہے ہیں اس کی بنیاد پر فیصلہ ہونا ہے، انتخابی نشان کی تبدیلی سے کسی پارٹی کو فرق نہیں پڑتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کیا گیا تھا ہمارا تو کسی نے چیلنج ہی نہیں کیا، اگر ایسا ہوتا تو ہم الیکشن کمیشن کے سامنے انتخابات کی شفافیت کو ثابت کرتے۔

پی ٹی آئی والے خوش قسمت ہیں عدالتوں سے ریلیف مل رہا ہے

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے خوش قسمت ہیں کہ انہیں جیلوں میں فائیو اسٹار ہوٹلوں جیسی سہولیات مل رہی ہیں، اس کے علاوہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ سے بھی ریلیف مل رہا ہے جبکہ ہمیں تو جیل میں میٹرس اور کمبل تک میسر نہیں تھا۔

ایک سوال سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہاکہ 2018 میں ہمیں ریلیف کیوں نہیں ملتا تھا یہ بات جسٹس شوکت صدیقی بتا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 8 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے اور اب شیڈول بھی آ جانے کے بعد انتخابی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ ن پُر امید ہے کہ اسے پنجاب سے قومی اسمبلی کی اتنی نشستیں مل جائیں گی کہ وہ سادہ اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp