اسرائیل اور غزہ جنگ: بوجھل دل کے ساتھ کرسمس کا تہوار گزارا ہے، اسٹار فٹ بالر محمد صلاح

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فٹ بال کلب لیورپول کے اسٹار فٹ بالر محمد صلاح نے کہا ہے کہ غزہ میں لڑائی کے دوران بوجھل دل کے ساتھ کرسمس گزاری ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر مصر کے اسٹار فٹ بالر محمد صلاح جو فٹ بال کلب لیور پول سے بھی منسلک ہیں، نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہمیں غزہ میں اپنے پیاروں کے لیے غمزدہ خاندانوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، غزہ میں لڑائی کے دوران بھاری دل کے ساتھ کرسمس منائی ہے۔‘

محمد صلاح نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر کرسمس ٹری کی ایک سیاہ اور سفید تصویر پوسٹ کرتے ہوئے پیغام میں لکھا تھا کہ وہ غزہ میں لڑائی کے دوران بوجھل اور بھاری دل کے ساتھ کرسمس منائی ہے۔ ’اس سال ہم مشرق وسطیٰ میں جاری وحشیانہ جنگ، خاص طور پر غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کے باعث بہت بھاری دلوں کے ساتھ کرسمس کا تہوار گزارا ہے اور ہم ان خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں جو اپنے پیاروں کے کھو جانے کے غم میں مبتلا ہیں۔‘

‘انہوں نے لکھا کہ ’براہ کرم انہیں مت بھولیں اور ان کے دکھوں کی عادت نہ ڈالیں۔ میری کرسمس۔‘

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت پر ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک اس معاملے پر خاموش رہنے کے باعث محمد صلاح کو اپنے آبائی ملک مصر میں کچھ تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مصری ہلال احمر کے اہلکاروں نے اکتوبر میں کہا تھا کہ محمد صلاح نے غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے ‘اہم عطیہ’ دیا ہے۔ اکتوبر میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے اپنے پہلے تبصرے میں محمد صلاح نے جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، انہوں نے جنگ کو ‘قتل عام’ قرار دیا اور غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دینے کی اپیل کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp