منشیات کی تحقیقات بھگتنے والے جنوبی کورین اداکار لی سن کیون گاڑی میں مردہ پائے گئے

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’پیرا سائٹ‘ میں شاندار ایکٹنگ کرنے والے جنوبی کوریا کے اداکار بدھ کو اپنی گاڑی میں پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے۔

دی کوریا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے مقامی وقت کی صبح 10:30 بجے وسطی سیئول میں واریونگ پارک کے قریب ایک کار میں ایک شخص کو بے ہوش پایا اور بعد میں ان کی شناخت لی کے نام سے کی۔ گاڑی کی اگلی مسافر سیٹ پر چارکول بریکٹ پایا گیا جو جان لیوا کاربن مونو آکسائیڈ کا سبب بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ لی سن کیون کے خلاف منشیات کے مشتبہ استعمال کی تحقیقات چل رہی تھیں اور پھر ان کا گاڑی میں ان حالات میں مردہ پایا جانا خودکشی کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے

لی سن کے مینیجر نے پہلے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اداکار ایک خودکشی نوٹ کے مترادف ایک میمو لکھ کر گھر سے گاڑی میں چلے گئے تھے۔ منیجر نے جنوبی سیئول میں چیونگڈم ڈونگ میں لی کے گھر کا دورہ کیا تھا کیونکہ وہ رابطے میں نہیں آرہے تھے۔ لی سن کی لاش کو سیئول نیشنل یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا۔

لی سن کو اس سال کے اوائل سے کئی مواقع پر سیئول کے گنگنم ضلع میں ایک اعلیٰ درجے کی بار میں کام کرنے والی ایک میزبان کے گھر پر چرس اور دیگر غیر قانونی منشیات کے استعمال کے شبے میں پولیس نے 3 مرتبہ پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔ تیسری مرتبہ انہیں گزشتہ ہفتہ کے روزبلایا گیا اور وہ سلسلہ 19 گھنٹے جاری رہا تھا۔

پولیس نے منشیات کی تحقیقات میں اکتوبر کے آخر میں لی کو ایک مشتبہ کے طور پر درج کیا تھا۔ اداکار نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا تھا کہ انہیں میزبان نے منشیات لینے کے لیے دھوکہ دیا تھا اور وہ نہیں جانتا تھا کہ وہ کیا لے رہے ہیں۔

تاہم پولیس کی تحقیقات کے دوران کیے گئے مختصر ریجنٹ ٹیسٹ اور نیشنل فرانزک سروس کی جانب سے گزشتہ ماہ لیب پر مبنی ڈرگ ٹیسٹ دونوں میں لی سن کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

28 اکتوبر کو پوچھ گچھ کے لیے اپنی پہلی پیشی میں لی نے اس صورتحال پر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے خاندان کے لیے معذرت خواہ ہیں جو اس وقت انتہائی تکلیف برداشت کر رہا ہے۔

لی نے میزبان سمیت دو لوگوں کے خلاف شکایت بھی درج کرائی اور ان پر بلیک میل کرنے اور رقم ہتھیانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

اپنی بے گناہی کا دعویٰ کرتے ہوئے اس نے گزشتہ روز پولی گراف ٹیسٹ کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔ ان کے وکیل نے اصرار کیا تھا کہ لی اور میزبان کے درمیان سچائی کے تعین کرنے کے لیے جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کا استعمال کیا جانا چاہیے۔ میزبان نے پولیس کو بتایا تھا کہ اداکار نے اپنے گھر میں متعدد بار منشیات کا استعمال کیا۔

48 سالہ اداکار نے ’پیرا سایٹ‘ کے بعد عالمی شہرت حاصل کی جس میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا اور سنہ 2020 میں اکیڈمی ایوارڈز جیتے۔ سنہ 2021 میں انہوں نے اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈ جیتا۔ گزشتہ سال انہیں سائنس فکشن فلم ’ڈاکٹر برین‘ میں انہیں کردار کے لیے بین الاقوامی ایمی ایوارڈز میں بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp