شاہ محمود قریشی کی ایک بار پھر گرفتاری پر عارف علوی بول پڑے

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں ایسی ریاست نہیں بننا چاہیے جہاں انسانی حقوق اور وقار کو بلاخوف پامال کیا جائے۔

عارف علوی نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جیل سے رہائی کے بعد پھر گرفتاری پر تنقید کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کاغذات چھیننا، مظاہرین کے خلاف بےرحمانہ کارروائی اور اب دو حکومتوں کے سابق وزیر خارجہ کے ساتھ غیر مہذبانہ سلوک پر حکام کو ضرور توجہ کرنی چاہیے۔

عارف علوی نے کہاکہ رجعت پسند دلائل کہ ’ایسے واقعات پہلے بھی رونما ہوتے رہے ہیں‘ مناسب نہیں کیونکہ پاکستان کو بدلنا ہوگا اور اگر ہم بحیثیت قوم اس پر متفق ہیں تو آج سے بہتر کوئی دن نہیں۔

واضح رہے کہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت کے بعد آج جب رہائی ہوئی تو پولیس نے ان کو پھر گرفتار کر لیا اب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ان کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت منظور کی تھی۔ تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں بھی گرفتار ہیں اس لیے ان کی رہائی کی کارروائی شروع نہیں ہو سکی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp