میلبرن ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے 318 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 264 رنز پر آؤٹ ہوگئی، آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز 54 رنز کی برتری کے ساتھ کیا تو پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے شروعات میں 16 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی آؤٹ کر دیے۔ لمبی شراکت داری کے بعد پانچویں وکٹ مچل مارش کی 169 جبکہ چھٹی وکٹ اسٹیون اسمتھ کی 187 کے مجموعی اسکور پر گری۔ آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف 241 رنز کی لیڈ حاصل ہے۔
دوسری اننگ شروع ہوتے ہی آسٹریلیا کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر گر گئی، عثمان خواجہ کو صفر پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔ تیسرے اوور میں دوسری وکٹ بھی شاہین آفریدی نے ہی حاصل کی، اس مرتبہ انہوں نے مارنس لبوشین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
اننگ کی ابتدائی 2 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ نے بھی وکٹیں حاصل کرنا شروع کردیں۔ آسٹریلوی اننگ کے 5.1 اوور میں میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بھی بولڈ کیا۔
آسٹریلوی بیٹر اسٹیون اسمتھ اور مچل مارش نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران مچل مارش نے 130 گیندوں پر 96 رنز اسکور کیے اور میر حمزہ کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسٹوین اسمتھ 176 گیندوں پر 50 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کھیل کے تیسرے روز آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگ میں پاکستان کی ٹیم 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے میچ کے تیسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے اپنی اننگز شروع کی تو وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 42 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی بال پر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ 2، 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عامر جمال 33 رنز بنا سکے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 48 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، نیتھن لائن نے 4 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا احوال
میلبرن میں جاری پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام تک آسٹریلیا کے 318 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 194 رنز بنائے اور 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
میلبرن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی اننگ کا آغاز 187 پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو ان کے بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے ٹک نہ سکے اور 7 وکٹیں گنوا دیں۔ اس طرح آسٹریلیا اپنی پہلی اننگ میں 318 رنز ہی بنا سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، عثمان خواجہ 42 اور مچل مارش 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 38، اسٹیو اسمتھ 26، ٹریوس ہیڈ 17 اور کپتان پیٹ کمنز 13 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3، شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلی اننگ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز 62 عبداللہ شفیق نے بنائے جبکہ بابر اعظم ایک رنز بنا کر پیٹ کمنز کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
پہلے روز کا کھیل
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے، اس سے قبل کینگروز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا تھا۔ بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو کینگروز کی ایک وکٹ مزید گر گئی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔